وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ کی گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد سے ملاقات

کراچی: وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کی، جس میں کراچی اور حیدر آباد میں الطاف حسین یونیورسٹی کیلئے زمین کی فراہمی اوراس کا چارٹر جلد مکمل کرنے پر گفتگو ہوئی۔

بحریہ ٹائون کے تعاون سے الطاف حسین کراچی اور حیدر آباد یونیورسٹی کی تعمیر کے لیے آصف علی زرداری نے اراضی فراہم کرنے کی ہدایت کردی،اس حوالے سے سندھ حکومت لطیف آباد حیدر آباد میں پچاس ایکڑ اراضی فراہم کرے گی،سابق صدر نے ہدایت کی ہے کہ یونیورسٹی کو چارٹر آئندہ ہفتے تک مکمل کیا جائے،رگورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کے درمیان ون آن ون ملاقات میں صوبے کی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال سمیت کراچی اور حیدر آباد میں الطاف حسین یونیورسٹی کے قیام کے حوالےسے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ الطاف حسین کراچی اور حیدر آباد یونیورسٹی کے قیام کے لیے قانون تیار کررہے ہیں،صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ خالد سومرو کے قاتل کو پکڑ لیا ہے، تاہم پولیس کے پاس دہشت گردوں کے مقابلے میں وسائل کی کمی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ یونیورسٹی کے قیام پر آصف زرداری اور ملک ریاض کے شکر گزار ہیں، دونوں رہنمائوں کا کہنا تھا کہ امن و امان کے لیے سیاسی اور ایڈمنسٹریشن بنیاد پر مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔