پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا

دبئی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان یواے سیریز کا واحد ٹی ٹوئنٹی میچ آج دبئی میں کھیلا جائیگا۔ کپتان شاہد آفریدی کہتے ہیں کہ کھلاڑی میچ جیت کر قوم کو عید کا تحفہ دیں گے۔

متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر میلہ سجنے کو ہے۔ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں آج چھکے اور چوکوں کی بارش ہوگی ۔ دنیائے کرکٹ کی دو مایہ ناز ٹیمیں پاکستان اور آسٹریلیا آج واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے مدمقابل ہونگی۔

دوہزار بارہ میں دونوں ٹیموں نے تین ٹی ٹوئنٹئ میچز کی سیریز دبئی میں کھیلی تھی جس میں پاکستان کو دو ایک سے کامیابی ملی۔ آسٹریلوی ٹیم شکست کا بدلہ لینے کیلئے بے تاب دکھائی دیتی ہے۔

کینگروز نے سری لنکا کے سابق لیجنڈری اسپنر مرلی دھرن کی خدمات حاصل کرتے ہوئے اسپنرز کو پاکستان کیخلاف تیار کیا ہے۔ پاکستان ٹیم کے اہم رکن سعید اجمل کی غیرموجودگی اور محمد حفیظ کی انجری کے بعد کھلاڑیوں پر ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔

شائقین کرکٹ کو کانٹے دار مقابلے کی امید ہے اور یقین ہے کہ پاکستان ٹیم عید کا تحفہ کامیابی کی صورت میں دے گی۔