پاکستان سمیت دنیا بھرمیں فادرز ڈے منایا جا رہا ہے

پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ملکوں میں آج فادرز ڈے یعنی عالمی یوم والد منایا جارہا ہے،جس کا مقصد بچے کیلئے والد کی محبت اورتربیت میں ان کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔

فاردز ڈے کو منانے کا آغاز انیس جون انیس سو دس میں واشنگٹن میں ہوا۔ اسکا خیال ایک خاتون سنورا سمارٹ ڈوڈنے اس وقت پیش کیا جب وہ انیس سو نو میں ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر ایک خطاب سن رہی تھیں۔ ماں کے مرنے کے بعد سنورا کی پرورش انکے والد ولیم سمارٹ نے کی ۔وہ چاہتی تھیں کہ اپنے والد کو بتاسکیں کہ وہ ان کیلئے کتنے اہم ہیں۔ چونکہ ولیم کی پیدائش جون میں ہوئی تھی، اس لئے سنورا نے انیس جون کو پہلا فادرز ڈے منایا۔

انیس سو چھبیس میں نیویارک سٹی میں قومی سطح پر ایک فادرز کمیٹی تشکیل دی گئی جبکہ اس دن کو انیس سو چھپن میں امریکی کانگریس کی قرارداد کے ذریعے باقاعدہ طورپر تسلیم کرلیا گیا۔ انیس سو بہتر میں امریکی صدر رچرڈ نکسن نے قومی سطح پر فادرز ڈے منانے کیلئے جون کے تیسرے اتوار کا مستقل طورپر تعین کرلیا، جس کے بعد سے اس دن کو پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ملکوں میں جون کے تیسرے اتوار کو منایا جاتا ہے،جبکہ ایران، روس، آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ ، برازیل، تائیوان، جنوبی کوریا اور ویتنام سمیت بعض ملکوں میں یہ دن مختلف تاریخوں میں منایا جاتا ہے۔