پاکستان نے انتہاپسندی کے خلاف مثبت کردار ادا کیا ہے،امریکی قونصل جنرل

لاہور: امریکی قونصل جنرل مسٹر زیکٹ نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کے بعد پاکستان نے انتہاپسندی کے خلاف مثبت کردار ادا کیا ہے جو قابل تعریف ہے۔

آزاد میڈیا جمہوریت کے استحکام کی ضمانت ہے۔ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل مسٹر زیکٹ کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے، 16 دسمبر کو پیش آنے والے سانحہ پشاور کے بعد پاکستان نے قیام امن کیلئے قابل تعریف کوششیں کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد میڈیا مضبوط جمہوریت کی ضمانت ہے۔ آزاد میڈیا دہشت گردی کے خاتمے اور قومی یکجہتی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات سنیٹر پرویز رشید نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معیشت جدید مشینوں کے بل بوتے پر پروان نہیں چڑھ سکتی، بلکہ ہنرمند اور افرادی قوت کے ذریعے بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

اگر پاکستان ابتدا سے ہی اپنے لوگوں کو تعلیم اور ہنرمند بنانے پر توجہ دیتا تو آج ہماری معیشت بہت مضبوط ہوتی۔ موجودہ حکومت تعلیم اور ہنر سکھانے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔