پاکستان کے خلاف کولمبو ٹیسٹ سری لنکا نے جیت لیا

کولمبو: پاکستان کے خلاف کولمبو ٹیسٹ سری لنکا نے جیت لیا، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔

کولمبو ٹیسٹ میں سری لنکا نے پاکستان کو 7وکٹوں سے ہرا دیا ہے،  اس طرح دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔

آخری اننگز میں پاکستانی ٹیم 329 رنز پر آﺅٹ ہو گئی تھی، جس پر سری لنکن ٹیم کو جیتنے کیلئے صرف 153رنز کا ہدف ملا، سری لنکن ٹیم کا دوسرے ٹیسٹ کے پانچویں روز شاندار کم بیک کیا اور سری لنکا نے مطلوبہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

تھرمنے بیس رنز جبکہ اینجلو میتھیوز 43رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے یاسرشاہ نے دو جبکہ ذوالفقار بابر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ تین جولائی سے پالیکیلے میں کھیلا جائے گا۔

گزشتہ روز کولمبو ٹیسٹ کے چوتھے روز کا کھیل اڑتیس اوورز پہلے ختم کردیا گیا تھا، شاہینوں نے سری لنکا کو ایک سو ترپن رنز کا معمولی ہدف دیا تو بارش پاکستان کی مدد کو آگئی،بارش نے روکنے کا نام نہیں لیا تو آخری سیشن وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا، پوری ٹیم نے تین سو انتیس رنز پر ہتھیار ڈال دئیے۔

چوتھے روز اسکور میں اکتیس رنز کے اضافہ کرنے کے بعد یونس خان چالیس رن پر آؤٹ ہوئے، مصباح، اسد شفیق اور گال ٹیسٹ کے ہیروسرفراز احمد بڑی اننگز نہ کھیل سکے، اظہرعلی نے ڈٹ کر مقابلہ کیا، یہ ان کےکیرئیر کی نویں سنچری تھی۔