پاک چین جوہری تعاون قابل قدر ہے ، ایف پی سی سی آئی

وفاق ہائے ایوان صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی)کے صدر زبیر احمد ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کے سچے دوست چین کی جانب سے پاکستان میں ساڑھے چھ ارب ڈالرمالیت کے دو جوہری پاورپلانٹس کی تعمیر کے فیصلے سے دونوں ممالک اور انکے عوام کے مابین قربت بڑھے گی۔

اورفیصلے سے جنوبی ایشیاء میں چین کے رسوخ اور پاکستان میں بجلی کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا ، جس سے عوام کے مسائل بھی کم ہوں گے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران پائپ لائن اور کالا باغ ڈیم جیسے عظیم منصوبے ناقابل عمل ہو رہے ہیں اسلئے حکومت جوہری توانائی کے آپشن کو بھرپور انداز میں استعمال کرے تاکہ جوہری توانائی پر دارومدار میں اضافہ اور ملک کے انرجی مکس کو بہتر بنایا جا سکے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان پر سویلین مقاصد کے لئے نیوکلئیر ٹیکنالوجی کے استعمال پر پابندی لیکن بھارت سمیت مختلف ممالک کو چھوٹ حاصل ہے ، جو امتیازی رویہ ہے، توانائی کے معاملہ میں پاکستان کی مدد کرنے والا سچا دوست اور رکاوٹ ڈالنے والا دشمن ہے۔