پروفیسروحید الرحمان کے قتل کا مقدمہ درج، فائرآفیسر فائرنگ سے ہلاک

کراچی : پولیس نے دستگیر میں جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر وحید الرحمان کو دن دہاڑے قتل  کا مقدمہ درج کرلیا  ہے، لانڈھی جیل سے سول اسپتال منتقل کیے جانے والا زخمی قیدی بھی دوران علاج دم توڑ گیا۔

پرانی سبزی منڈی کے قریب فائرافسر کو قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق دستگیر کے علاقے میں آج صبح ڈاکٹر سیدوحیدالرحمان کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ جامعہ کراچی جانے کے لئے اپنے گھر سے نکلے ہی تھے۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر وحید کو بازو، سر،گردن، کاندھے اور پیٹ میں پانچ گولیاں لگیں جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

واقعے کا مقدمہ پوسف پلازہ تھانے میں ڈاکٹر وحید الرحمان کے رشتے دار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے ۔ دوسری جانب پرانی سبزی منڈی کے قریب نامعلوم افراد کی فائر نگ سے کار میں سوار ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔

مقتول کی شناخت غلام فرید کے نام سے ہوئی ہے جو لانڈھی فائر اسٹیشن کا فائر افسر تھا۔ لانڈھی جیل سے سلیم نامی قیدی کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا تھا جو دوران علاج چل بسا۔