پرویز مشرف نے اپنی انتخابی نااہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا

اسلام آباد: سابق صدر پرویز مشرف نے اپنی انتخابی نااہلی کا سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

سابق صدر پرویز مشرف نے سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے انتخابی نااہلی کے فیصلےعدالت عظمی میں چیلنج کردیا، اس حوالے سے پرویز مشرف نے سپریم کورٹ میں دائراپنی اپیل میں مؤقف اختیارکیا کہ آئینی خلاف ورزی کے حوالے سے انکے مقدمے کا فیصلہ ابھی تک نہیں ہوا اور یہ کہ وہ آئین کی آرٹیکل باسٹھ اورتریسٹھ کی زد میں نہیں آتے۔

انہوں نے اپنی اپیل میں استدعا کی کہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ سابق صدر کو الیکشن ٹریبونل نے انتخابات کے لیے نااہل قرار دیا تھا، الیکشن ٹریبونل نے نااہلی کیلئے آئین کی خلاف ورزی کو بنیاد بنایا تھا۔

سندھ ہائیکورٹ میں جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ بر قرار رکھا تھا۔