پولیس اہلکار وردی کے تقدس کا پاس رکھیں، چوہدری نثارعلی

اسلام آباد : وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پولیس اہلکار وقت ضائع کرنے کے بجائے ظالموں، چوروں اور ڈاکوؤں کا راستہ روکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں محکمہ پولیس کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چوہدری نثار نے کہا کہ پولیس اہلکار دوران ڈیوٹی سگریٹ پینے اور سونے میں وقت ضائع نہ کریں ۔

وفاقی وزیر داخلہ نے پولیس والوں کو انہی کی تقریب میں شرمندہ کردیا، اسلام آبادپولیس نےچوہدری نثار کو مدعو کیا کہ وہ آئیں گے اور اُن کی تعریفوں میں زمین آسمان ایک کردیں گے لیکن چوہدری نثارکا تو موڈ ہی کچھ اور تھ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس اہلکار وردی کے تقدس کا پاس رکھیں۔ڈیوٹی کے دوران سگریٹ پینے اور فون پر باتیں کرنے سے جرائم نہیں رکیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈیوٹی میں رینجرز والوں کا پولیس سے سو فیصد مقابلہ نہیں ہے لیکن اہلکار کچھ تو ان سے سیکھ لیں۔

چوہدری نثار نے محکمہ پولیس کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھتے ہوئے کہا کہ حلال کھانے میں جو برکت ہے وہ حرام میں نہیں، چوہدری نثار نے تو ایسی کھری باتیں کیں کہ پولیس والے تالیاں بجانا بھی بھول گئے۔