پی آئی اے کا جہاز سڑسٹھ مسافروں کو لےکر کراچی ائیرپورٹ پہنچ گیا

کراچی: پی آئی اے کی خصوصی پرواز یمن سے آئے سڑسٹھ مسافروں کواسلام آباد سے لے کر رات گئے کراچی پہنچ گئی، اس سے پہلے پی آئی کی پرواز یمن سے ایک سو چونتیس محصور پاکستانیوں کو اسلام آباد لائی تھی۔

اسلام آباد سے سٹرسٹھ مسافروں کو لے کر پی آئی اے کا جہاز کراچی ائیر پورٹ پہنچا تو ڈائریکٹر ایئرپورٹ اور ایم ڈی پی آئی اے سمیت مسافروں کے اہلخانہ اور رشتے داروں نے ایئرپورٹ پر مسافروں کا والہانہ استقبال کیا۔

مسافروں کا کہنا تھا کہ وہ وطن واپسی میں حکومت کی جانب سے مدد کرنے پر مشکور ہیں ساتھ  ہی ہمارے لئےآواز اٹھانے پر میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اس سے قبل یمن سے پی آئی اے کے زریعے ایک سو چونتیس مسافراسلام آباد پہنچے تو اسلام آباد ہوائی اڈے پر مسافروں کا شاندار استقبال کیا گیااور فضا پاکستان زندہ باد کے نعرے سے گونج اٹھی۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان نے وطن پہنچنے کیلئے اچھے انتٕظامات کیے اور انہیں وطن پہنچ کر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔

وفاقی وزیرِ عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم کی ہدایت پر پاکستانیوں کی خیروعافیت سے واپسی کا عمل جاری ہے، پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے سات سو چھ  میں ایک سو چونتیس پاکستانی، دو کینڈین اور دو سوڈانی مسافربھی سوار تھے، یمن سے پاکستانیوں کو لے کر آنے والی یہ پی آئی اے کی تیسری پرواز ہے۔