اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سے میٹرو بس منصوبے میں کام کرنے والے ٹھیکیداروں کو واجب الادا رقوم کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے عدم ادائیگی کی صورت میں معاملہ قومی احتساب بیورو میں لے جانے کی دھمکی دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں میٹرو منصوبے میں کام کرنے والی کمپنی الطاف اینڈ سنز کے سربراہ کے ہمراہ نیوز کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کمپنی کو رقم کی عدم ادائیگی ظالمانہ اور سفاکانہ اقدام ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کی شفافیت روز اول سے سوالات اور شکوک و شبہات کا شکار ہے ۔ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل منصوبے میں دو ارب روپے سے زائد کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی ہے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ میٹرو بس کیلئے قائم اسٹیشنوں کی تعمیر میں استعمال ہونے والے شیشے کی خریداری میں بھی بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کی اطلاعات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کی جانب سے مذکورہ کمپنی کو دس روز میں واجب الادا رقم کی ادائیگی نہ کی گئی تو وہ معاملے کو نیب میں لے کر جائیں گے ۔