چنیوٹ: ایم کیو ایم کے سینئر نائب صدر اصغرعباس کو نامعلوم قاتلوں نے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، اصغرعباس جعفری چنیوٹ پریس کلب کے نائب صدر اور پانچ بیٹیوں کے والد تھے۔
متحدہ قومی موومنٹ چنیوٹ کے سینئر نائب صدر اصغر عباس گھر سے بچوں کے لیے چیزیں خریدنے کے لیے نکلے تو مسلم بازار کے قریب نامعلوم افراد کی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔
ایم کیو ایم اعلامیہ کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے اڑتالیس سالہ اصغرعباس جعفری پانچ بیٹیوں کے والد جبکہ سینئر صحافی اور چینیوٹ پریس کلب کے نائب صدر بھی تھے، انکی نمازِ جنازہ چنیوٹ کے تحصیل چوک پر سہ پہر تین بجے ادا کی جائیگی، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اصغر عباس کی شہادت پر ایم کیوایم کے کارکان اور ذمہ داران سے دلی تعزیت کی ہے۔
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے چنیوٹ میں سینئر نائب صدر اصغرعباس کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں ایم کیو ایم کےکارکنوں کے قتل پر حکومت خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔
الطاف حسین نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چنیوٹ میں ایم کیو ایم کے سینئر نائب صدر سید اصغر کے قتل کی شدید مذمت کی ہے، الطاف حسین نے کہا کہ قوم سانحہؐ پشاور کو بھولے نہیں کہ سفاک قاتلوں نے اصغر عباس کو نشانہ بنا ڈالا۔
الطاف حسین نے کہا کہ مذہبی جماعتوں کا کام تبلیغ کرنا ہے سیاست کرنا نہیں، انکا کہنا تھا کہ پنجاب میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کو چن چن کو قتل کیا جارہا ہے جبکہ پنجاب حکومت خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔
الطاف حسین نے کہا کہ رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے اجلاس میں کسی بھی وقت فیصلہ سنایا جائے گا جبکہ آج ملک بھر میں کالے جھنڈے لہرائے جائیں گے۔