ڈپٹی اسپیکر شہلارضا اور شہریار مہر میں دلچسپ نوک جھوک

کراچی: سندھ اسمبلی میں آج نئے رشتے بن گئے، ڈپٹی اسپیکرشہلارضا اور  شہریار مہر میں دلچسپ نوک جھوک نےاسمبلی میں قہقہے بکھیردیئے۔

اسمبلی اجلاس کے دوران نئے رشتے بھی وجود میں آئے، ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے شہریار مہر کو بیٹا کہہ ڈالا، شہر یار مہر بھی پیچھے نہ رہے اور شہلارضا کو فورا ہی ماں تسلیم کرکے تابعداری سے بیٹھ گئے ، شہلا رضا نے مُسکراتے ہوئے شہریار مہر کو آئندہ بھی اپنے جملہ کاپاس رکھنے کی تلقین کی۔

سندھ اسمبلی میں دوسرے روز بھی ہنگامہ آرائی سے ماحول گرم ہوگیا، اسپیکر اور شہریار مہر میں تلخ کلامی ہوئی، شہلارضا اور مرادعلی شاہ بھی پیچھے نہ رہے۔

سندھ اسمبلی میں دوسرے روز بھی تلخ جملوں کا تبادلہ رہا، اپوزیشن لیڈر محمد شہر یار مہر اور اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی میں تلخ کلامی ہوئی، اسپیکر کل کے واقعے پرمعافی مانگنے کا مطالبہ کرتے رہے تو شہر یار مہر بات پوری کرنے پر اصرار کرتے رہے۔

شہریارمہر نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پر آئین کی پیروی نہ کرنے کا الزام عائد کردیا، وزیرِخزانہ مرادعلی شاہ بھی نہ رہے پیچھے اور نوک جھوک میں خُوب حصہ لیا۔

ڈپٹی اسپیکرشہلا رضا گزشتہ روز کے واقعے پر اپنی پوزیشن واضح کرنے کوکوشش کرتی رہیں، تاہم اسپیکر نے انہیں ایسا کرنے سے منع کردیا، آخر میں اسپیکر نے شہریارمہر کا مائیک ہی بند کردیا، جس پر اسمبلی میں خوُب ہنگامہ اور شور شرابہ ہوا۔