کراچی : کراچی پولیس چیف غلام قادر تھیبو کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی مجید عباسی پرہونے والے قاتلانہ حملے میں ملوث گروہ کی شناخت کرلی گئی ہے، عنقریب گرفتاریاں ہوں گی۔
ڈی ایس پی سائٹ مجید نظامی کو آج بروز منگل گھرسے دفتر جاتے ہوئے لطیف ٹاؤن سے متصل علاقے ظفرٹاؤن میں اندھا دھند نشانہ بنایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق منگل کے روز سائٹ ٹاؤن کے ڈی ایس پی مجید عباسی شاہ لطیف ٹاؤن سے متصل علاقے ظفر ٹاؤن میں واقع اپنے گھر سے دفتر کی جانب گامزن تھے کہ نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پراندھا دھند فائرنگ کردی۔
ڈی ایس پی مجید نظامی جائے وقوعہ پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے ان کی میت کو قانونی کاروائی کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
غلام قادر تھیبو نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور گروہ کو کافی عرصہ پہلے ہی شناخت کرلیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ہی گروہ ہے جو کہ آج سے قبل بھی پولیس افسران کے قتل کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
پولیس چیف نے مزید کہا کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلئے گئے ہیں اور انہیں پہلے موجود شوواہد سے ملا کرتفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا جس کے نتیجے میں جلد گرفتاریاں ہوں گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈی ایس پی مجید ںظامی کو مختلف نوعیت کے ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کی 10 تاریخ کو بھی کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں ڈی ایس پی ذوالفقارزیدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی مجید عباسی اپنے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی میں انتہائی جانفشانی سے مصروف تھے جس کے سبب انہیں کافی عرصے سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔