ڈی جی نادرا کی برطرفی: عمران خان کا مطا لبہ مسترد

اسلام آباد : نادرا نے عمران خان کی جانب سے ڈی جی نادرا مظفر علی کو عہدے سے ہٹانے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے عمران خان سے ڈی جی نادرا کیخلاف ثبوت مانگ لئے۔

تفصیلات کے مطابق نادرانےعمران خان کی طرف سےلکھےگئےخط کاجواب دیدیا۔ نادرا نے ڈی جی مظفرعلی کو عہدے سے ہٹانے سے انکار کردیا۔

ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ غیرمصدقہ الزامات پرایکشن نہیں لیاجاسکتا۔ عمران خان سے مظفرعلی کے خلاف ثبوت مانگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثبوت کےبغیرکارروائی انصاف کےتقاضوں کےخلاف ہوگی۔

واضح رہے کہ عمران خان نے چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین کو خط میں ڈی جی نادرا کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔ عمران خان نے این اے ایک سو بائیس میں ووٹروں کےانگوٹھوں کی تصدیق کے عمل کی نگرانی کرنے والے نادرا کےڈائریکٹر جنرل ڈیٹامظفرعلی پرعدم اعتماد کا اظہارکیا تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مظفر علی پر اسپیکر قومی اسمبلی کا دباؤ ہے انہیں تبدیل کیا جائے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ایاز صادق کے حلقے کی انگھوٹوں کی تصدیق مظفر علی سے نہ کروائی جائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا مطالبہ تھا کہ ایاز صادق کے حلقے میں ووٹوں کی تصدیق کیلئے غیر جانبدار افسر مقرر کیا جائے۔