کبڈی فائنل: پاکستانی اوربھارتی پہلوان آج ٹکرائیں گے

جالندھر: کبڈی کے میدان میں حکمرانی کس کی ہوگی؟ فیصلہ آج ہوجائے گا۔ حتمی مقابلے میں دو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا سنسنی خیز ٹاکرا ہوگا۔

بھارت میں آج کبڈی کبڈی اور صرف کبڈی ہوگی۔دوہزار چودہ ورلڈ کپ کبڈی کا فاتح کون ہوگا۔فیصلہ کن جنگ کے لئے میدان سج گیا۔ پہلوانوں نے کمر کس لی ۔ شائقین کو فائنل کا بے صبری سے انتظارہے۔

بھارت مسلسل ساتویں مرتبہ ٹائٹل کے حصول کے لئے میدان میں اترے گا۔ ادھر پاکستان کے پاس پہلی مرتبہ چیمپئین بننے کا سنہری موقع ہے۔

پاکستان اس سے پہلے تین مرتبہ فائنل میں پہنچا اور تینوں مرتبہ ہی اسے بھارت کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستانی پہلوانوں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی۔

دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہیں۔ لیکن آج ایک ٹیم کو ہار کا سامنا کرنا ہی پڑے گا۔ پاکستانی پہلوان گزشتہ ورلڈ کپ فائنلز کی شکست کا بدلہ لینے کے لئے بے تاب ہیں۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کا شمار دنیائے کبڈی کی خطرناک اور مضبوط ٹیموں میں ہوتا ہے اور ماہرین نے دونوں ٹیموں کی حالیہ پرفارمنس کو مدنظر رکھتے ہوئے فائنل میں اعصاب شکن مقابلے کی توقع ظاہر کی ہے۔