کرائسٹ چرچ ٹیسٹ : نیوزی لینڈ کیخلاف سری لنکا کو مشکلات

کرائسٹ چرچ : نیوزی لینڈ کیخلاف سری لنکا کو ٹیسٹ میچ میں مشکلات کا سامنا ہے۔ فالو آن کی شکار سری لنکن ٹیم تیسری روز کھیل کے اختتام تک پانچ وکٹوں پر دو سو ترانوے رنز بناچکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کیخلاف کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے تیسرے روز فالو آن کی شکار سری لنکن ٹیم نے دوسری اننگز چوراسی رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ شروع کی۔

اوپنر کورونارتنے نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے ایک سو باون رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر جم کر کھیل نہ سکے اور وقفے وقفےسے آؤٹ ہوتے رہے۔

دن کے اختتام تک سری لنکا نے پانچ وکٹوں پر دو سو ترانوے رنز بنا لیے ہیں۔ کپتان اینجلو میتھیوز ترپن رنز بناچکے ہیں۔ ٹرینٹ بولٹ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔

نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں چار سواکتالیس رنز بنائے تھے،جواب میں سری لنکا ایک سو اڑتیس رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔