کراچی:فائرنگ اور پرتشدد واقعات،2افرادجاں بحق، 2زخمی

کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کے دوران صبح سے اب تک دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب سی آئی ڈی پولیس نے نادرن بائی پاس کے قریب کاروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان کے تین دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے تیس سے زائد ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس حکام کے مطابق عباس ٹاون کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، نصرت بھٹو کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص دم توڑ گیا، بلدیہ اتحاد ٹاون اور اورنگی ٹاون کے علاقوں میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب رینجرز نے شہر کے ایک درجن سے زائد علاقوں میں کاروائی کرتے ہوئے ستائیس ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایس ایم جی رائفل سمیت مختلف اقسام کے چھوٹے بڑے ہتھیار برآمد کرلئے، صالح محمد گوٹھ میں بھی رینجرز نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کرگینگ وار میں ملوث گروہ سے تعلق رکھنے والے چھ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

ذرائع کے مطابق ملزمان قتل اقدام قتل سمیت سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں، تمام ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا، مچھر کالونی میں نالا اسٹاپ پر پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ تین فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، شیرشاہ سے مسافر بسوں میں لوٹ مار کرنے والے دو ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

Comments

ایک تبصرہ برائے “کراچی:فائرنگ اور پرتشدد واقعات،2افرادجاں بحق، 2زخمی”