کراچی:منگھو پیرکنواری کالونی میں رینجرزکاآپریشن،مشتبہ افراد زیرحراست

کراچی کےعلاقےمنگھو پیرکنواری کالونی میں رینجرزکاآپریشن جاری ہے کارروائی میں ایک ہزارسےزائد اہلکارشریک ہیں ۔بیس مشتبہ افراد حراست میں لے لئے گئے۔ کراچی میں پولیس اور رینجرز کی ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں۔

منگھوپیرکنواری کالونی میں کالعدم تنظیم کے ارکان کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرزکی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن کا آغاز کیا۔ آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔جن سے اسلحہ اور منشیات بر آمد ہوئی،۔

ترجمان رینجرز کے مطابق آپریشن میں خواتین اہلکار اور کمانڈوز بھی شامل ہیں آپریشن میں سراغ رساں کتوں سے بھی مدد لی جا رہی ہےایک ہزار سے زائد اہلکاروں نے داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کرکے گھر گھر تلاشی لی۔ علاقے کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔

دوسری جانب لیاری کے علاقے لیاقت کالونی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چھاپہ مار کر کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے قاری سراج اور اسکے ساتھی سابق پولیس اہلکار سرور بلوچ کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے کلاشنکوف اور پستولیں برآمد کی گئیں ہیں۔ ملزمان اٹھائیس افراد کے قتل میں ملوث ہیں۔