کراچی: میئر کراچی نے بارش کے بعد شہر کی سڑکوں پر کھڑے پانی کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کر دی.
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے شہر کی صورت حال کا نوٹس لیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کوئی چئیرمین، وائس چئیرمین، بلدیاتی نمائندہ گھر نہیں جائے گا.
میئرکراچی کا کہنا تھا کہ شاہراہوں سے پانی کی نکاسی مکمل ہونے تک تمام اسٹاف موجود رہے گا، پل پل کی رپورٹ، تصاویر، پہلے اوربعد کی صورتحال کی خبر مجھے بھیجی جائے.
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندے ٹریفک جام کو کلیئر کرانے میں بھی مدد کریں، عملہ متحرک ہو کر کردار ادا کرے.
مزید پڑھیں: کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش
شہری انتظامیہ کے مطابق بلدیاتی عملے نے لیاقت آباد اور غریب آباد انڈر پاس کو کلیئر کر دیا، انڈر پاس کے سائیڈ پر موجود پرنالوں کو کلیئر کر کے پانی نکال دیا گیا. ساتھ ہی گزشتہ روز لیاقت آباد میں دھسنے والی سڑک بھی کلیئرکر دی گئی.
یاد رہے کہ کل رات شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ آج بھی جاری ہے، بارش کے بعد سڑکوں پر سیوریج اور بارش کا پانی کھڑا ہوگیا اور ٹریفک جام کا مسئلہ سامنا آگیا، جس کی وجہ سے شہریوںکو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا.