کراچی: گرمی کی شدت کم ہونے کے باوجود ہلاکتوں کا سلسلہ نہ تھم سکا، کراچی سمیت صوبے بھر میں گرمی کی لہر میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 1400 سے تجاوز کرگئی۔
کراچی میں گرمی کی شدت سے آج مزید بارہ شہری دم توڑ گئے، ریکارڈ توڑ گرمی سے اب تک ہونے والی اموات ساڑھے بارہ سو سے تجاوزکرگئیں ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق جناح اسپتال میں چھ سول میں تین سندھ گورنمنٹ اسپتال کورنگی میں دو اور نارتھ کراچی گورنمنٹ اسپتال میں ایک شخص کےجاں بحق ہونےکی تصدیق ہوئی ہے، قیامت خیز گرمی کی حالیہ لہر سے اب تک شہرمیں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے بارہ سو سے تجاوز کرگئی ہے، جن میں سے تین سو سڑسٹھ افراد جناح اسپتال میں جاں بحق ہوئے۔
کراچی میں سورج نے تو اپنی شدت میں کچھ کمی کرلی ہے لیکن گرم موسم سے متاثر شہریوں کی ہلاکت کا سلسلہ نہ رک سکا، گزشتہ روز ہیٹ اسٹروک کا شکار مزید چودہ شہری دم توڑ گئے، رپورٹ ہونے والی اموات میں سےتین عباسی شہید اسپتال دو سول اور ایک جناح اسپتال میں ہوئی۔
ڈی جی ہیلتھ سندھ نے شہر میں گرمی کی حالیہ لہر سے مجموعی طور پر ایک ہزار دو سو سات اموات کی تصدیق کردی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق 20جون سے اب تک 1207 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ حیدرآباد، تھرپارکر، ٹنڈوالہ یار، ٹھٹھہ میں 10 افراد نے دم توڑا۔ ڈائریکٹر جنرل محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں گرمی سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد بارہ سو سے تجاوز کرگئی ہے۔
کراچی میں سیکڑوں افراداب بھی سرکاری ونجی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جبکہ اسپتالوں میں بدستور ایمرجنسی نافذ ہے۔
کراچی میں شرجیل میمن کی زیرِ نگرانی تین سو سے زائد ہیٹ اسٹروک سینٹر ز قائم کئے گئے، جنھیں تیرہ سو سے زائد افراد کو طِبی امداد مل رہی ہے۔