کراچی میں بھی میٹرو بس سروس شروع کی جائے گی، نواز شریف

اسلام آباد : وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی میں بھی جلد میٹرو بس سروس شروع کرے گی،انہوں نے کہا کہ بجلی کی قلت تین سال میں ختم کر دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے اسلام آباد  میں  راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر گورنر پنجاب رفیق رجوانہ ، گورنر خیبرپختونخوا مہتاب عباسی ،وزیراعلیٰٰ پنجاب محمد شہباز شریف، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک، وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ مذکورہ میٹرو بس سروس سے روزآنہ ایک لاکھ بیس ہزار شہری فائدہ اٹھائیں گے،  میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صوبے 30، 30 سال تک مکمل نہیں ہوتے تھے لیکن راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبہ انتہائی قلیل مدت میں مکمل کرکے حکومت نے عوام کو تحفہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبہ گزشتہ سال مارچ میں شروع کیا گیا تھا اور آج نئی میں اس کو پایہ تکمیل تک پہنچا دیا گیاہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ کوئی اور ملک نہیں بلکہ بدلتا ہوا پاکستان ہے۔ میٹرو بس منصوبہ انتہائی شفاف طریقے سے پایہ تکمیل کو پہنچا۔ اس منصوبے پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے عوام کا پیسہ اور وقت دونوں کی بچت ہوگی۔

کراچی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت بہت جلد کراچی کے عوام کیلئے بھی میٹرو بس سروس کا آغاز کر کے کراچی کے عوام کو تحفہ دے گی،  کراچی میں بھی گرین لائن بس سروس شروع کی جائے گی۔

نواز شریف نے توانائی کے بحران کی صورتحال پر کہا کہ بجلی کی قلت تین سال میں ختم کر دیں گے، اور بجلی کو مزید سستا بھی کیا جائے گا، اس سلسلے میں بارہ دو میگا واٹ کے تین بڑے منصوبے بھی شروع کئے جا رہے ہیں۔

اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم بہت خوشگوار موڈ میں تھے، انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے، شہباز شریف صاحب اب اپنے شعر بھی بدلیں، میں سُن سُن کر تھک گیا ہوں۔ اب نیا پاکستان بن رہا ہے اپنے شعروں کو بھی تبدیل کرلیں،

آخر میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے دشمنوں کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، اللہ تعالیٰ پاکستان کو نظر بد سے بچائے، آمین۔