کمیشن کےنتائج آنے تک اسمبلی نہیں جائیں گے، عمران خان

اسلام آباد: تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے کہا ہے کہ دھرنے نے عوام میں جو شعور پیدا کیا ایساتاریخ میں نہیں ہوا، سترہ جنوری کو ڈی چوک پر کیا ہونے والا ہے اسکا انکشاف وہ اگلی نشست میں کریں گے۔

بنی گالہ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سانحہ پشاور کے موقع پرپوری قوم کا ایک ہونا لازم تھا، اگر تحریک انصاف دھرنا ختم نہ کرتی تو حکومت پی ٹی آئی پرراستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کا الزام لگا دیتی، ان کا کہنا تھا کہ دھرنا ختم کرنے کا مطلب یہ ہر گز نہیں کہ اپوزیشن ختم ہو گئی ہے ۔

عمران خان نے بتایا کہ پشاور ہسپتال کے لئے زمین گذشتہ دور حکومت میں اے این پی کی صوبائی حکومت نے فراہم کی تھی، کراچی میں کینسر ہسپتال کی تعمیر کیلئے سابق آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی سے اراضی کے حصول کیلئے بات کی تھی لیکن اس پر پیش رفت نہ ہو سکی ۔سندھ حکومت کی جانب سے ہسپتال کیلئے اعلان کردہ زمین شہر سے دور ہونے کے باعث قابل استعمال نہیں ۔

عمران خان نے جنرل راحیل شریف سے اپیل کی کہ ڈی ایچ اے کراچی فیز سات میں شوکت خانم کینسر ہسپتال کی تعمیر کیلئے اراضی فراہم کریں، انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی حالات اور خیبر پختونخوا حکومت کی وجہ سے فنڈ ریزنگ کے لئے بیرون ملک نہیں جا رہا ۔ نوے فیصد پاکستانی مہنگا ہونے کے باعث کینسر جیسے موذی مرض کا علاج کرانے کی سکت نہیں رکھتے، انہوں نے کہا کہ جب بھی قوم سے امید لگائی قوم نے ان پر بھر پور اعتماد کیا ۔