کوئٹہ: بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں تین افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے منو جان روڈ پر مسلح افراد نے حجام کی دکان پر اندھادھند فائرنگ کردی، جس سے دونوں افراد موقع پر دم توڑ گئے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔
لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے, قتل ہونے والے دونوں سگے بھائی تھے اور ان کا تعلق صوبہ پنجاب سے تھا۔
دوسرا واقع مشرقی بائی پاس کے علاقے میں پیش آیا، جہاں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا اور شہباز ٹاون میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے سول ہسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعات میں ملوث ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے اور واقعات کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔
دوسری جانب پشتون آباداور سیٹلائٹ ٹاؤن میں میں سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران دو سو سے زائد افراد کو حراست میں لیا ہے، ذرائع کے مطابق ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔