گال: گال ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن سرفراز احمد اور اسد شفیق کی شاندار شراکت ٹیم کو میچ میں واپس لے آئی، پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔
پاکستان نے کھانے کے وقفے پر اپنی پہلی اننگز میں سری لنکا کے 300 رنز کے جواب میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنالیے تھے، لنچ بریک تک اسد شفیق اور وہاب ریاض وکٹ پر موجود تھے، پاکستان کو سری لنکا کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 41 رنز درکار ہیں۔
گال میں جاری ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے پہلی نامکمل اننگز ایک سو اٹھارہ رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو سرفراز احمد اور اسد شفیق نے محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے اسکور آگے بڑھایا اور ٹیم کو نہ صرف فالو آن سے بچایا بلکہ میچ میں بھی واپس آگئے۔
سرفراز احمد نے مشکل وقت میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو تباہی سے بچایا، وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور چھیانوے رنز بناکر پرساد کی گیند پر بولڈ ہوگئے، چار رنز کی کمی سے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی چوتھی سنچری نہ بنا سکے
سرفراز اور اسد شفیق نے چھٹی وکٹ کے لئے ایک سو انتالیس رنز کی شراکت قائم کی، اسد شفیق نے بھی نصف سینچری اسکور کی۔
گزشتہ روز گال ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکا نے پہلی نامکمل اننگز تین کھلاڑی آؤٹ ایک سو اٹھتر رنز پر شروع کی اور ایک سو بائیس رنز کا اضافہ کرنے کے بعد سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں تین سو رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کوشال سلوا ایک سو پچیس رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ وہاب ریاض اور ذوالفقاربابر نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، محمد حفیظ دو اور احمد شہزاد نو رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اظہرعلی کو آٹھ رنز پر پویلین بھیج دیا گیا، یونس خان سینتالیس اور مصباح الحق بیس رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ بارش کے باعث کھیل روکا گیا تو پاکستان نے پانچ وکٹ پر ایک سو اٹھارہ رنز بنالئے تھے۔
سرفرازاحمد پندرہ اور اسد شیفق چودہ رنز پر ناٹ آؤٹ تھے، پاکستان کو سری لنکا کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید ایک سو بیاسی رنز درکار تھے۔