یمن کی لڑائی سے کوئی تعلق نہیں، فوج نہ بھیجیں، اسفندیار ولی

کراچی: اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی کہتے ہیں سعودی عرب کا دفاع کریں گے، یمن کی لڑائی سے کوئی تعلق نہیں وہاں فوج نہ بھیجیں۔

 کراچی میں مردان ہاؤس پر اے این پی سندھ کے صدرسینیٹر شاہی سید کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےعوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ یمن میں پاکستانی فوج کی مداخلت سے بلوچستان میں مزید حالات خراب ہوں گے، یمن میں پاکستانی فوج کو نہ بھیجا جائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف حکومت کو پانچ سال مکمل کرنے دیے جائیں، نواز حکومت کو غیر قانونی طریقے سے ہٹایا گیا تو مخالف کریں گے ۔

اسفند یار ولی کاکہنا تھا کہ ہمیں عمران خان نے نہیں بیت اللہ محسود نے کلین بولڈ کیا،انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پر صولت مرزا کے الزامات کی شفاف تحقیقات ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حفاظت کیلئے میں خود جانے کو تیار ہوں۔