اسلام آباد : وزارت صنعت و پیداوار نے 3 بڑی کار ساز کمپنیوں کے مینیو فیکچرنگ لائسنس بحال کردیے، مذکورہ لائسنس گزشتہ ماہ معطل کیے گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ 26 اکتوبر کو کار مینوفیکچررز کے معطل شدہ مینیوفیکچرنگ لائسنس عارضی طور پر بحال کئے گئے ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ لائسنسز کی عارضی بحالی کے بعد کار مینوفیکچررز سے31دسمبر 2023 تک ان کا بزنس پلان طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وزارت صنعت و پیداوار نے گزشتہ ماہ گاڑیوں کی ایکسپورٹ, لوکلائزیشن سے متعلق شرائط پوری نہ کرنے پر ان کیخلاف کارروائی کی تھی۔
کارساز کمپنیوں نے گاڑیوں کی مقامی سطح پر پیداوار نہیں بڑھائی اس کے علاوہ کارساز کمپنیاں 2 فیصد ایکسپورٹ سے متعلق شرط بھی پوری نہیں کر پائیں۔
قانون کے مطابق کارساز کمپنیاں گاڑیوں کے آلات و اسپیئر پارٹس مقامی سطح پر تیار کرنے کی پابند ہیں، وزارت صنعت و پیداوار نے سوزوکی، ہنڈا اور ٹویوٹا کے لائسنس بحال کردیے۔