1 سالہ بچے نے زہریلے کوبرا کو دانتوں سے کاٹ کر ہلاک کر دیا

1 سالہ بچے نے زہریلے کوبرا کو دانتوں سے کاٹ کر ہلاک کر دیا

(26 جولائی 2025): بھارتی ریاست بہار میں حیران کر دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں 1 سالہ بچے نے زہریلے کوبرا کو دانتوں سے کاٹ کر ہلاک کر دیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق 1 سالہ بچے نے گھر کے قریب میں کوبرا کو دانتوں سے کاٹا اور بعد میں اسے اہل خانہ بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لے گئے جہاں وہ زیرِ علاج ہے۔

گووندا نامی بچہ گھر کے قریب کھیل رہا تھا جہاں اس نے کوبرا کو اپنے قریب آتے دیکھا اور اسے پکڑ لیا۔ اس سے پہلے کہ زہریلا جانور معصوم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا بچے نے اسے کھلونا سمجھ کر دانتوں سے چبا ڈالا جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: کنگ کوبرا اور گائے کی دلچسپ ویڈیو

چند گھنٹے بعد گووندا کی حالت بگڑنے لگی اور وہ بے ہوش ہوگیا۔ والدین گووندا کو پہلے قریبی پرائمری ہیلتھ سینٹر (PHC) لے گئے جہاں سے انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال (GMCH) بھیجا گیا۔

جی ایم سی ایچ کے ڈاکٹروں نے کہا کہ بچے کی حالت اب مستحکم ہے تاہم وہ زیر نگرانی ہے۔ بچے کی دادی ماتیشوری دیوی نے بتایا کہ گووندا کی ماں قریب ہی لکڑیاں جمع کر رہی تھی جب کوبرا نظر آیا۔

اگست 2024 میں بھارتی ریاست بہار میں ایسا ہی ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا تھا جہاں 1 سالہ بچے نے سانپ کو کھلونا سمجھتے ہوئے دانتوں سے کاٹ کر ہلاک کر دیا تھا۔

سانپ کو مقامی کمیونٹی سینٹر لے جایا گیا تھا جہاں اس کے مرنے کی تصدیق ہوگئی تھی۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو گردش کر رہی تھی جس میں ننھے بچے کو اس کی ماں کی گود میں دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ایک شخص موبائل فون میں مردہ سانپ کی تصویر دکھا رہا ہے۔