پورٹ قاسم پر فیکٹری میں گیس لیکج، 100 متاثر، متعدد بے ہوش

کراچی: پورٹ قاسم کے قریب فیکٹری میں گیس اخراج کے باعث 100 ملازمین کی طبیعت بگڑ گئی، متعدد بے ہوش ہو گئے، جنھیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پورٹ قاسم کراچی پر واقعی کمپنی میں گیس لیکج کے باعث درجنوں افراد متاثر ہو کر اسپتال پہنچ گئے، فیکٹری ذرایع کا کہنا ہے کہ واقعے میں بے ہوش ہونے والے 2 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

ریسکیو ذرایع نے بتایا کہ جناح اسپتال میں ہر ایمبولینس میں 5،5 متاثرین کو لایا جا رہا تھا، کیمیکل کا اخراج پائپ لائن ٹوٹنے کے باعث ہوا، ٹوٹنے والے پائپ کی مرمت کر دی گئی ہے۔

کمپنی کے ترجمان نے کہا ہے کہ کمپنی میں گیس لیکج پر فوری قابو پا لیا گیا ہے، حادثے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، متاثرہ افراد کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، اینگرو کا عملہ متاثرین کی مناسب دیکھ بھال کے لیے اسپتال میں موجود ہے۔

سویا بین سے لدا ہرکولیس جہاز پورٹ قاسم پر برتھ ہو گیا

ترجمان نے بتایا کہ اینگرو کمپنی واقعے کی مکمل تحقیقات کرے گی، کمپنی تمام اسٹیک ہولڈرز کو بھی تفصیلات سے آگاہ رکھے گی۔ قبل ازیں کمپنی میں ملازمین کے اچانک بے ہوش ہونے کا سلسلہ شروع ہونے پر 50 سے زائد ایمبولینسز طلب کی گئیں، بتایا گیا کہ گیس کا اخراج پائپ لائن ٹوٹنے سے ہوا، جس کی مرمت کر دی گئی ہے۔