ویڈیو: اسپین میں ڈرون نے 14 سالہ بچے کو ڈوبنے سے بچالیا

میڈرڈ: اسپین میں بے رحم لہروں کی نظر ہونے والے بچے کو ڈرون نے ڈوبنے سے بچالیا ہے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسپین سمیت یورپی ممالک ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور گرمی سے ستائے عوام بڑی تعداد میں ساحل سمندر کا رخ کررہی ہے، اس دوران 14 سالہ نوعمر کو سمندر کی بے رحم لہروں میں پھنسنے کا واقعہ بھی پیش آیا ہے، تاہم خوش قسمتی سے نوجوان محفوظ رہا۔

یہ واقعہ اسپین کے شہر ویلنسیا میں پیش آیا ہے، جہاں جدید سہولیات سے آراستہ ڈرونز کے ذریعے بچے کو ڈوبنے سے بچالیا گیا۔ ڈرون آپریٹر نے میڈیا کو بتایا کہ 14 سالہ لڑکا سمندر میں آگے تک چلا گیا تھا اور ایک بڑی موج میں پھنس گیا تھا۔

ڈرون آپریٹر کے مطابق سمندر کے اوپر پرواز کرنے والے ڈرون نے ٹیکنالوجی کی مدد سے یہ سب دیکھا، لائف گارڈز نے فوری طور پر نوعمر کو بچانے کیلئے ریسکیو ڈرون میں لائف جیکٹ ڈال کر اڑایا اور لڑکے کی طرف روانہ کردیا جسے ڈوبنے والے لڑکے نے پہن لیا۔

لائف جیکٹ پہننے کے بعد لڑکا سطح سمندر پر تیرتا رہا اور تب تک رضاکار پہنچ گئے اور اسے ساحل پر لے آئے۔ لڑکے کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے اسپتال لے جایا گیا جہاں اسے 24 گھنٹے زیر نگرانی میں رکھنے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ رائل ہسپانوی لائف سیونگ اینڈ ریسکیو فیڈریشن کے مطابق 2022 کے پہلے چھ ماہ کے دوران اسپین میں ڈوبنے سے 140 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جو کہ 2021 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 55 فیصد زیادہ ہے۔