کراچی : اپنے بچوں کو قتل کرنے والی ماں کیخلاف مقدمہ درج

کراچی : درخشاں پولیس نے اپنے دو کمسن بچوں کو قتل کرنے والی ماں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا، ملزمہ کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔

اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں گزشتہ روز اپنے بچوں کو قتل کرنے والی ماں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

درخشاں پولیس نے سابق شوہر غفران کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا۔ قتل ہونے والے دونوں کمسن بہن اور بھائی کو ڈیفنس فیز 8 کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی غفران نے پولیس کو بتایا کہ 14 اگست کی دوپہر ڈھائی بجے سابقہ اہلیہ ادیبہ نے مجھے فون کال کی۔

سابقہ اہلیہ نے مجھے ویڈیو کال پر دونوں بچوں کی گلا کٹی لاشیں دکھائیں، میرے بچے اپنی والدہ کے پاس رہنے کے لیے گئے تھے۔

مزید پڑھیں : اپنے بچوں کو قتل کرنے والی ماں کے دل دہلا دینے والے انکشافات

ملزمہ ادیبہ نے دوران تفتیش پولیس کو دیے گئے بیان میں اہم انکشافات کیے۔ بچوں کی ماں نے بتایا کہ بچے گھر پر رکنے کے لیے آتے تھے بیٹا اکثر کہتا تھا کہ ایسی جگہ پہنچائیں جہاں کوئی تکلیف نہ ہو میں نے ایسی جگہ پہنچا دیا جہاں اب انہیں تکلیف نہیں ہوگی۔