اسلام آباد : پاکستان میں ایک روز میں مزید دو پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے بعد رواں سال کیسز کی تعداد بڑھ کر 21 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) نے تصدیق کی ہے کہ ملک میں ایک ہی روز کے دوران دو نئے پولیو کیس سامنے آئے ہیں، نئے کیسز ضلع لوئر کوہستان (خیبر پختونخوا) اور ضلع بدین (سندھ) سے رپورٹ ہوئے۔
ای او سی کا کہنا تھا کہ رواں سال اب تک ملک بھر میں پولیو کے کیسز کی تعداد بڑھ کر 21 ہوگئی ہے۔
حکام نے کہا کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے جس سے بچاؤ صرف بروقت ویکسینیشن کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملک بھر میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم یکم ستمبر سے شروع کی جائے گی۔ والدین سے اپیل ہے کہ وہ بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رہ سکیں۔
حکام کا مزید کہبا تھا کہ پولیو ویکسین کے ساتھ حفاظتی ٹیکوں کا کورس بھی بروقت مکمل کروانا نہایت ضروری ہے، انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے والدین، کمیونٹی اور مقامی قیادت کا بھرپور کردار اہم ہے۔
نیشنل ای او سی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کریں کیونکہ یہ بچوں کے محفوظ اور بہتر مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔