ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والے 2 ملزمان گرفتار

کراچی:ڈسٹرکٹ ملیر پولیس نے ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی مزاحمت پر شہری کوقتل کرنیوالے 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایس ایس پی ملیر کا کہنا تھا کہ ملزمان عبد الوقار اور سجاد نے گزشتہ رات واردات کی تھی، ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت پر32سالہ شخص کو والد کے سامنے قتل کردیا تھا۔

ایس ایس پی ملیرحسن سردار کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم سجاد پہلے بھی قتل کیس میں جیل جاچکا ہے، ملزمان نے دوران تفتیش 150 سے زائد وارداتوں کااعتراف کیا ہے، جبکہ ملزمان سے 2 پستول اور موبائل فون بر آمد کرلئے گئے ہیں۔

دوسری جانب اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے ایک کارندے کو حراست میں لے لیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں ہیروئن اورڈرون بر آمد کرلیا گیا ہے، جبکہ ملزم کے خلاف مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ترجمان اے این ایف نے اس حوالے سے بتایا کہ انٹیلی جنس اطلاع پر ڈی ایچ اے لاہور کے قریب کار کو رکنے کااشارہ کیا گیا، کار سوار ملزم نے گاڑی روکنے کی بجائے موقع سے بھگادی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گاڑی کے تعاقب کے دوران ملزم نے گاڑی فٹ پاتھ سے ٹکرا دی، اس دوران کارسوار ملزم لاہور کے رہائشی فیاض حسین کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

تلاشی لینے پر گاڑی سے 10 کلو ہیروئن اور ڈرون برآمد کر لیا گیا ہے، ایک کلوہیروئن کا ایک پیکٹ ہوائی ڈرون کے ساتھ منسلک تھا، گرفتار ملزم اے این ایف کو دیگر مقدمات میں بھی مطلوب تھا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ دوران تفتیش گرفتارملزم نے ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کااعتراف کیا ہے، جبکہ گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کیلئے ملزم سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔