کراچی سے ’’جناتی ڈکیت گروپ‘‘ کے 2 ملزمان گرفتار

کراچی سی ٹی ڈی

کراچی میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ’’جناتی ڈکیت گروپ‘‘ کے دو سرگرم ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق رینجرز اور پولیس نے کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں مشترکہ کارروائی کی جس کے نتیجے میں چوری، ڈکیتی اور منشیات فروشی میں ملوث دو ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں۔

ترجمان رینجرز نے بتایا کہ ملزمان کے نام کاشان اور رشید عرف نوید بھنگی ہیں جن کے قبضے سےغیر قانونی اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق جناتی ڈکیت گروہ سے ہے اور یہ چوری، ڈکیتی اور موبائل فون چھیننے کی 250 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں اس کے علاوہ گرفتار افراد جرائم پیشہ افراد کو غیر قانونی اسلحہ کرائے پر بھی فراہم کرتے تھے۔

ترجمان رینجرز نے مزید بتایا کہ ملزمان عادی مجرم اور متعدد بار گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں جنہیں قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے جب کہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔