آئینی ترامیم کیلیے کس پارٹی کے 2 ووٹ اہمیت اختیار کر گئے؟

یومِ استحصال کشمیر پر قومی اسمبلی میں قرارداد منظور

آئینی ترامیم کیلئے سینیٹ میں بی این پی مینگل کے 2 ووٹ اہمیت اختیار کر گئے۔

اس سلسلے میں سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سردار اختر مینگل سے رابطہ کیا اور تعاون کی درخواست کی جس پر سردار اختر مینگل نے آئینی ترامیم کا مسودہ مانگ لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اختر مینگل کے مطالبات پر تبادلہ خیال کیا۔ صادق سنجرانی نے اختر مینگل کے مطالبات پر بات چیت کی یقین دہانی کرا دی۔

حکومتی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے تحفظات دور کر دئیے ہیں، مولانا فضل الرحمن آئینی ترمیم سے متعلق حکومت کا ساتھ دینگے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان آئینی ترمیم سے متعلق حکومت کا ساتھ دیں گے، آئینی ترمیم ایک جامع پیکج ہے جس میں آئینی عدالت بنائی جائے گی، آئینی عدالت کے لیے ججز کی تقرری کا بھی طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی عدالت بنانے کا مقصد عام سائلین کو ریلیف فراہم کرنا ہے، بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان نے اختلافی معاملات کو سلجھا لیا ہے، اب دونوں ایوانوں میں آئینی ترمیم آج پیش کئے جانے کا امکان ہے۔

حکومتی ارکان نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی اسمبلی، سینیٹ میں حکومتی ارکان کا نمبر گیم پوری ہے، منحرف ارکان کے ووٹ سے متعلق بھی ترامیم کی جا رہی ہیں، آئین کے آرٹیکل 63 اے میں ترمیم کے لئے مسودہ تیار ہے۔