بھارت میں دو خواتین کو سرِ عام برہنہ کرنے کا ایک اور واقعہ پیش آگیا

بھارت میں دو خواتین کو سرِ عام برہنہ کرنے کا ایک اور واقعہ پیش آگیا

بھارت میں خواتین کو سرِ عام برہنہ کر کے علاقے میں پریڈ کروانے کا ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آگیا جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق منی پور کے بعد ریاست مغربی بنگال کے ضلع مالدا میں دو قبائلی خواتین کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد برہنہ کر کے سرِ عام ان کی پریڈ کروائی گئی۔

خواتین کی عزت کو تار تار کرنے کے افسوسناک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جہاں صارفین شدید غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان کا بھارتی حکومت سے ایک ہی مطالبہ ہے کہ ملزمان کو کڑی سزا دی جائے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ واقعہ دو سے چار روز قبل پیش آیا۔ خواتین پر چوری کا الزام لگا کر ان پر تشدد کیا گیا اور کپڑے پھاڑ دیے گئے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو خواتین کو کئی افراد بشمول خواتین مار رہے ہیں۔ واقعے کی اب تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔

پولیس حکام کا مؤقف ہے کہ انہیں سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیو کے ذریعے واقعے کا علم ہوا۔ حکام نے بھی بغیر تحقیق کیے کہہ دیا کہ خواتین کو چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا۔

مذکورہ واقعے کے بعد خواتین پر تشدد کرنے والے ملزمان موقع سے فرار ہوگئے اور اب تک ان کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔