سوٹ کیس سے 2 سالہ زندہ بچی برآمد، خاتون گرفتار

زندہ بچی

ویلنگٹن : نیوزی لینڈ میں ایک انتہائی خوفناک واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ایک بس میں موجود سوٹ کیس سے  دو سالہ زندہ بچی برآمد ہوئی، پولیس نے ایک عورت کو گرفتار کرلیا ہے۔

یہ واقعہ گزشتہ روز آکلینڈ کے شمال میں واقع قصبے کائی واکا میں پیش آیا، یہ انکشاف اس وقت ہوا جب ایک 27 سالہ خاتون مسافر بس کے سامان والے نچلے حصے میں گئی۔

ڈرائیور کو اس خاتون کے رویے پر شک ہوا اس دوران اس نے وہاں موجود بیگ میں حرکت محسوس کی، جس پر اس نے سوٹ کیس کھولا۔

سوٹ کیس کھول کر دیکھا تو اس میں صرف ڈائپر پہنی ہوئی ایک دو سالہ زندہ بچی موجود تھی جو تقریباً ایک گھنٹہ پہلے سے بند تھی جس پر اس نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا۔

پولیس کے مطابق بچی کا جسم بہت گرم تھا اور جسمانی طور پر اسے کوئی نقصان بھی نہیں پہنچا تھا تاہم اسے طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کیا اور خاتون کو تحویل میں لے لیا گیا۔

بچی کے ساتھ بدسلوکی اور لاپرواہی کے الزام میں گرفتار خاتون کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے لیکن اسے جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔