2 کمسن بچیاں سوتیلی ماں کی نفرت کی بھینٹ چڑھ گئیں

چارسدہ کے فارم کورونا کے علاقے میں سوتیلی ماں نے دو کمسن بیٹیوں کو زہر دے کر بے دردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سوتیلی ماں کی نفرت کا شکار 8 سالہ منیبہ اور 6 سالہ سنیرا ہوئیں، پولیس واقعے کی اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ پہنچی اور دونوں لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں بچیوں کو انکی سوتیلی ماں نے زہر دے کر قتل کیا اور ان کے جسموں پر تشدد کے بھی نشانات ہیں۔

واقعے کے بعد ملزمہ باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی اور پولیس اس کی تلاش کے لیے سرگرداں ہے۔

متاثرہ خاندان کا تعلق نوشہرہ سے ہے جو کہ کچھ عرصہ پہلے نوشہرہ سے منتقل ہوکر چارسدہ میں کرائے کے گھر میں مقیم تھا۔ جاں بحق ہونے والی بچیوں کے والد فرمان محنت مزدوری کرتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق بچیوں کی والدین کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی اور سگی ماں نے پہلے شوہر سے طلاق لے کر دوسری شادی کر لی ہے۔