کراچی میں لڑکی عمارت کی 12ویں منزل سے گر کر جاں بحق

طالبہ انتقال

کراچی کے علاقے فائیو اسٹار چورنگی کے قریب 20 سالہ لڑکی عمارت کی 12ویں منزل سے گر کر جاں بحق ہوگئی۔

افسوس ناک واقعے کے بارے میں پولیس نے بتایا کہ 20 سالہ لڑکی اقراء نفسیاتی مریضہ تھی جس کا علاج بھی جاری تھا، لڑکی شادمان ٹاؤن کی رہائشی ہے اور اپنی پھوپھی کے گھر آئی ہوئی تھی۔

پولیس کے مطابق اقراء عمارت کی 12ویں منزل سے کود کر ہلاک ہوئی، اس نے 6 مہینے پہلے بھی خودکشی کی کوشش کی تھی۔

گزشتہ روز ایسا ہی افسوس ناک واقعہ لاہور میں پیش آیا تھا جہاں کافی شاپ کی بالائی منزل سے لڑکی نے کود کر خودکشی کر لی تھی۔

پولیس نے بتایا تھا کہ لڑکی نیچے کھڑی گاڑی کی چھت پر گری جس کے بعد اسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی۔