دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ کی فہرست جاری، پاکستان کا کونسا نمبر ہے؟

طاقتور ترین پاسپورٹ

دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ کی فہرست جاری کردی گئی جس میں سنگاپور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے 2024 کے طاقتور ترین پاسپورٹ کی فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق سنگاپور کے شہری 195 ممالک میں بغیر ویزے کے سفر کرسکیں گے۔

دوسرے نمبر پر فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور اسپین موجود ہیں اور ان ممالک کے شہریوں کو 192 مقامات میں بغیر ویزا کے سفر کی اجازت ہوگی۔

فہرست میں تیسرے نمبر پر آسٹریا، فن لینڈ، آئرلینڈ، لکسمبرگ، نیدرلینڈز، جنوبی کوریا اور سوئیڈن ہیں جن کے شہری 191 مقامات پر بغیر ویزے کے سفر سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

ہینلے انڈیکس کی فہرست میں برطانیہ، بیلجیم، نیوزی لینڈ، ناروے اور سوئٹزرلینڈ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

علاوہ ازیں آسٹریلیا اور پرتگال پانچویں نمبر پر براجمان ہیں اور ان ممالک کے شہری 189 مقامات میں بغیر ویزا کے سفر کرسکیں گے۔

امریکا کا پاسپورٹ آٹھویں نمبر پر آگیا ہے، امریکا کے شہریوں کو 186 ممالک میں ویزا کے بغیر داخلے کی اجازت ہوگی، حالیہ برسوں میں امریکا کے پاسپورٹ کی درجہ بندی میں نمایاں کمی آئی ہے۔

فہرست میں سب سے آخر میں افغانستان 103 ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ پاکستان  اور یمن کے پاسپورٹ 100ویں نمبر پر موجود ہیں۔