عجمان: متحدہ عرب امارات پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 24 افراد پر مشتمل گینگ کو گرفتار کرلیا۔
عرب میڈیا کے مطابق ابوظبی اور عجمان پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران اپارٹمنٹ پر چھاپہ مار کر 24 ایشیائی شہریوں کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان فون پر فراڈ کرتے تھے جس کی بنیاد پر شواہد اکٹھے کرکے کارروائی کی گئی۔
ابوظبی پولیس کی جانب سے آپریشن کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ہے۔
ڈائریکٹر سی آئی ڈی عمران احمد کے مطابق گرفتار ملزمان فون پر لوگوں کو انعامی رقم جیتنے کا لالچ دے کر فراڈ کرتے تھے، اسی طرح کا ایک واقعہ رواں سال فروری میں بھی پیش آچکا ہے۔
مزید پڑھیں: متحدہ عرب امارات، 20 لاکھ درہم کی ڈکیتی میں ملوث 5 ملزمان گرفتار
واضح رہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات میں پولیس نے 20 لاکھ درہم کی ڈکیتی میں ملوث پانچ نائیجرین باشندوں کو حراست میں لیا تھا، پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے زیادہ تر رقم برآمد کرلی گئی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان مختلف منی ایکسچینجز میں اسٹاف کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد مختلف ممالک کی کرنسیاں لوٹ کر فرار ہوئے تھے۔
ملزمان وزٹ ویزے پر 18 مارچ کو متحدہ عرب امارات پہنچے تھے جبکہ ڈکیتی کی واردات التاون کے علاقے کے منی ایکسچینج میں کی گئی تھی۔