میئر کراچی نے کہا ہے کہ 24 ہزار افراد پر مشتمل عملے نے عیدِ قرباں پر خدمات سرانجام دیں، عیدالاضحیٰ پر 1 لاکھ 13 ہزار 435 ٹن سالڈ ویسٹ اکٹھا کیا گیا، ہمارے تمام نمائندے کام کرتے ہوئے نظر آئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ 24 ہزار افراد پر مشتمل عملے نے عیدِ قرباں پر خدمات سرانجام دیں جب کہ عیدالاضحیٰ پر 1 لاکھ 13 ہزار 435 ٹن سالڈ ویسٹ اکٹھا کیا گیا، تہوار کے موقع پر ہمارے تمام نمائندے کام کرتے ہوئے نظر آئے۔
انھوں نے کہا کہ عید پرکراچی کے ہرٹاؤن کا دورہ کیا، انتظامیہ نے بہتر انداز میں آلائشوں کو ٹھکانے لگایا، اس بار ایسا نہیں ہوا کہ کسی نے آلائشوں کو نالوں، سڑک پر پھینکا ہو، کسی نے اسلام آباد، سکھراور کوئٹہ سے آکر کچرا نہیں اٹھایا، انتظامیہ حرکت میں تھی۔
میئر کے مطابق شہر کو صاف کسی جماعت کے کارکنان نے نہیں انتظامیہ نے کیا ہے، اس بار نہ آلائشوں کا جھگڑا ہوا، نہ کھالوں کا جھگڑا ہوا، جو بہتری کا سفر شروع ہوا ہے اس کو نظر نہیں لگنے دیں گے۔
اگلا کام نالوں کی صفائی ہے اور بڑے پتھروں کو ہٹایا جائے گا، نالوں میں بڑے بڑے پتھر نہ ڈالے جائیں، ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں اگر مدد نہیں کرسکتے تو نقصان بھی نہ کریں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ حافظ نعیم الرحمان بڑے معصوم آدمی ہیں، انھیں نہیں پتہ میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا چیئرمین ہوں، جو خود شہر کو خراب کر رہے ہیں، وہ بول رہے ہیں کہ کراچی پرقبضہ منظور نہیں ہے۔