اسرائیل باز نہ آیا، مزید 250 فلسطینی شہید

اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں مزید 250 فلسطینی شہید ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے النصر اسٹریٹ پر بیکری کے سامنے جمع افراد پر بم گرایا، جس کے باعث بڑی تعداد میں شہادتیں ہوئیں۔ امدادی کارروائیوں کے لیے جمع افراد اور ایمبولینسوں پر بھی میزائلوں سے حملے گئے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ غزہ میں شہداء کی مجموعی تعداد 8 ہزار 900 سے زائد ہوگئی، اسی طرح تباہ ہونے والے مکانات کی تعداد پونے دو لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

جبالیہ پناہ گزیں کیمپ کے الفلوجہ علاقے میں گھروں پر درجنوں میزائلوں سے حملے کئے گئے، وسطی غزہ میں اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے ایک ہی خاندان کے 8 افراد شہید ہوگئے۔

دوسری جانب نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کے باعث چلی اور کولمبیا کے بعد بولیویا نے بھی اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کردیے۔

دی ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ پر وحشیانہ بمباری اور بربریت کے خلاف بطور احتجاج جنوبی امریکہ کے 3 ممالک نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کیے ہیں۔

گزشتہ روز چلی اور کولمبیا نے اپنے سفیروں کو اسرائیل سے واپس بلا لیا تھا اب بولیویا نے بھی اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بولیویا کے ڈپٹی وزیر برائے خارجہ امور کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ اسرائیلی حملوں کی مذمت اور اسرائیلی افواج کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔