کراچی : گٹر سے لڑکے کی 3 دن پرانی لاش ملی

کراچی : شہر قائد کے علاقے سلطان آباد میں گٹر سے ایک لڑکے کی 3دن پرانی لاش ملی ہے، گلشن معمار  میں جھگڑے کر دوران ڈنڈے اور لاٹھیاں لگنے سے 4خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

اس حوالے سے پولیس کا بتانا ہے کہ سلطان آباد میں نجی اسکول کے قریب ایک گٹر سے پندرہ سالہ لڑکے کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت ابوبکر کے نام سے ہوئی ہے، لاش دو سے تین دن پرانی معلوم ہوتی ہے۔

لاش کا پوسٹ مارٹم کرکے موت کی اصل وجہ معلوم کی جائے گی ، واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

دوسری جانب گلستان جوہر میں پانی کے گڑھے میں گر کر 3 سال کی بچی جاں بحق ہوگئی۔ یہ افسوسناک واقعہ موسمیات کے قریب پیش آیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بچی کی لاش قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔

شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گڑھوں کو فوری طور پر بند کرکے حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

علاوہ ازیں کراچی کے علاقے گلشن معمار افغان کیمپ کے قریب جھگڑے میں ڈنڈے اور لاٹھیاں چل گئیں، جھگڑے میں 4خواتین، ایک مرد سمیت 5افراد زخمی ہوئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کیلیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔