فلم تھری ایڈیٹس کے اہم کردار چل بسے

تھری ایڈیٹس کے اداکار اچیوت پوتدار چل بسے

ممبئی (19 اگست 2025): بلاک بسٹر کامیڈی ڈرامہ فلم ’تھری ایڈیٹس‘ میں قابل ذکر کردار نبھانے والے نامور اداکار اچانک چل بسے۔

انڈین میڈیا کے مطابق تجربہ کار اداکار اچیوت پوتدار نے تھری ایڈیٹس میں پروفیسر کا کردار ادا کیا تھا جو گزشتہ رات 91 سال کی عمر میں چل بسے۔

وہ تھانے کے جوپیٹر اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ آنجہانی اداکار کی بیٹی نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ والد کو بڑی عمر میں صحت سے متعلق مسائل تھے۔

بیٹی نے بتایا کہ والد کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔

اچیوت پوتدار نے ہندی اور مراٹھی سنیما میں 125 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ ان کی فلموگرافی میں آکروش، ‘اردھ ستیہ، تیزاب اور پرندا جیسے مشہور ٹائٹلز شامل ہیں۔

بالی وڈ اسٹار عامر خان کی فلم تھری ایڈیٹس میں انہوں نے پروفیسر کا کردار ادا کیا جس نے ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ کیا۔

فلم میں ان کا مشہور ڈائیلاگ ’ارے کہنا کیا چاہتے ہو‘ آج بھی مشہور ہے اور اکثر سوشل میڈیا پر میمز میں استعمال کیا جاتا ہے۔

اچیوت پوتدار نے بھارتی ٹیلی ویژن پر واگل کی دنیا اور بھارت کی کھوج جیسے شوز کے ساتھ اپنی شناخت بنائی۔

اسٹیج، ٹیلی ویژن اور سنیما کے درمیان بغیر کسی رکاوٹ کے آگے بڑھتے ہوئے انہوں نے ایک اداکار کے طور پر ایک مقام حاصل کیا۔