غزہ: رفح میں حماس اور اسرائیلی فوجیوں میں جھڑپ ہوئی اس دوران تین اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق رفح میں حماس اور دہشت گرد اسرائیلی فوج میں جھڑپ ہوئی، دستی بم حملے میں تین اسرائیلی فوجی مارے گئے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں ایک اور اسکول پر حملہ کیا، اسرائیلی طیاروں نے بے گھر لوگوں کو پناہ دینے والے مصطفیٰ حفیظ اسکول پر حملہ کیا۔
اسرائیلی حملے میں 20 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے صرف اگست کے ماہ میں اسکولوں میں پناہ لینے والوں پر 11واں حملہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 92 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔
غزہ میں جنگ بندی کی امید پیدا ہونے کے باوجود اسرائیل کے جنگی جنون میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ غزہ کے علاقے خان یونس میں حماس کے ساتھ ہونے والی جھڑپ میں مارے گئے سارجنٹ کی شناخت 19 سالہ عمر گنزبرگ کے نام سے ہوئی۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ اہلکار کریات ٹیون کے پیرا ٹروپرز بریگیڈ کی 101 ویں بٹالین میں تعینات تھے اور ایک فوجی کارروائی کے لیے خان یونس گئے تھے۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ گزشتہ برس اکتوبر میں اسرائیل کی برّی فوج کے غزہ میں داخل ہونے اور حماس کے ساتھ دو بدو جھڑپوں میں مارے جانے والے اہلکاروں کی تعداد 332 ہوگئی۔