لاؤڈر ہل : پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں قومی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے190 رنز کا ہدف دے دیا۔
پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فیصلہ کن میچ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستانی اوپنرز کی سنچری شراکت کی بدولت قومی ٹیم نے 189 بنائے، صائم ایوب74 اور صاحبزاہ فرحان نے شاندار 66رنز اسکور کیے۔
فلوریڈا کے شہر لاؤڈرہل میں کھیلے جانے والے تیسرے اور اہم میچ میں پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر189رنز بنائے۔ حسن نواز15،خوشدل شاہ11اور فہیم اشرف نے 10رنز بنائے۔
یاد رہے کہ تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی کیلئے میچ سے قبل پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ قومی ٹیم میں شاہین آفریدی کی جگہ حارث رؤف اور فخر زمان کی جگہ خوشدل شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دی تھی، ویسٹ انڈیز کی ٹیم 179 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں پر 164 رنز بنا سکی تھی۔ اس میچ میں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 178 رنز بنائے۔
سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز ٹیم نے حساب برابر کردیا ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دی، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 134 رنز کا ہدف دیا تھا۔ مخالف ٹیم نے 20 اوورز مکمل کھیل کر 8 وکٹوں پر 135 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔