40 لاکھ نئی ملازمتیں: وزیراعظم نے بڑی خوشخبری سنادی

شہباز شریف

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اگلے 4 سے 5 سال میں 40 لاکھ نئی ملازمتیں اور 40 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ زراعت اورخوراک کے تحفظ پر گزشتہ روز قومی سمینار کا انعقاد کیا گیا، زراعت کودوسرے سبز انقلاب کے محرک کےطور پر زندہ کرنابہت اہم ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ محنت، استقامت اور تندہی سے ہی ترقی کی منازل طے کی جاسکتی ہیں، جی سی سی ممالک سالانہ 40 بلین ڈالر کی غذائی اشیا اور زرعی مصنوعات درآمد کرتے ہیں، اگلے 4 سے 5 سال میں 40 لاکھ نئی ملازمتیں اور 40 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کی نگرانی جی سی سی ممالک سےزرعی شعبےمیں سرمایہ کاری لاناہمارامقصدہے، دوسرا انقلاب زراعت کو اقتصادی ترقی کا سب بڑا محرک بنانا ہے، زراعت کی ترقی سےخوراک کی حفاظت کےساتھ قومی سلامتی کوتقویت ملتی ہے۔

انھوں نے لکھا ‘سیمینارملک کی معاشی بحالی کے لیے قومی کوشش کا آغازہے ، مستقبل میں قرضوں سے نکل کر لچکدار معیشت کی تعمیر کا وعدہ کیا گیا، سب ملکر پاکستان کو معاشی لحاظ سے مضبوط اور اپنے وسائل پر انحصار کرنیوالا ملک بنائیں گے۔