فاطمہ قتل کیس : حراست میں لئے گئے 4 افراد بے گناہ قرار، رہا کردیا گیا

فاطمہ قتل کیس

خیرپور : گھریلوملازمہ فاطمہ قتل کیس میں تفتیشی ٹیم نے حراست میں لئے گئے ایس ایچ اوسمیت 4 افراد کو بے گناہ ظاہر کر کے رہا کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق گھریلوملازمہ فاطمہ قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ، پولیس نے بتایا کہ حراست میں لئے گئے ایس ایچ اوسمیت 4 افراد کو رہا کر دیا گیا۔

پولیس کی تفتیشی ٹیم نے چاروں افراد کو بے گناہ ظاہر کرکے رہا کیا اور حراست میں لیے گئے افراد کو بیگناہ قرار دینے کی رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سابق ایچ اورانی پورامیرچانگ ، ڈاکٹر عبدالفتاح میمن ، ایم ایس رورل سینٹرعلی حسن وسان اور ہیڈمحررمحمد خان مقدمہ میں ملوث نہیں تاہم ایک ملزم کمپاؤنڈرامتیازمیرانی کوکیس میں نامزد کیا گیا ہے۔

یاد رہے چند روز قبل یہ اطلاعات تھیں کہ خیرپور کے علاقے رانی پور میں بااثر پیر کی حویلی میں تشدد سے ہلاک 10 سالہ فاطمہ کے کیس میں گرفتار 3 ملزمان کو رہا کرنے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق غفلت برتنے پر گرفتار ڈاکٹر، کمپاؤنڈر، ایم ایس کو ایک بڑے افسر کے ایجنٹ کے ذریعے چھوڑنے کی ڈیل ہو گئی، یہ ڈیل 50 لاکھ روپے میں ہوئی جس میں تمام افراد کو رہا کیا جائے گا۔

ذرائع پولیس کا کہنا تھا کہ بڑے افسر کے کہنے پر تمام افراد کو بے گناہ ثابت کیا جائےگا۔