امریکی ریاست وسکونسن سے تعلق رکھنے والے چار سالہ بچے نے ماں کے آئسکریم کھانے پر پولیس کو بلا لیا۔
غیرملکی خبرساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ماؤنٹ پلیزنٹ میں رہنے والے 4 سالہ بچے نے ماں کی گرفتاری کے لیے پولیس کو 911 پر فون کیا اور جب اس نے وجہ بتائی تو سب مسکرائے بغیر نہ رہ سکے۔
بچے نے ریسین کاؤنٹی کے ڈسپیچر کو بتایا کہ ’میری ماں بہت بری ہے۔‘ جیسے ہی پولیس افسر نے صورتحال کو سمجھنے کی کوشش کی، اس نے پوچھا ٹھیک ہے کیا ہورہا ہے؟ تو بچے نے کہا کہ ’آؤ میری ماں کو لے جاؤ۔‘
جب پولیس ابھی تک یہ جاننے کی کوشش کررہی تھی کہ کیا ہورہا ہے تو بچے کی ماں نے فون اٹھایا اور وضاحت کی کہ بچے نے مجھے پکڑ لیا ہے، چونکہ وہ صرف چار سال کا تھا اس لیے گھر والے اسے روکنے کی کوشش کررہے تھے لیکن وہ 911 پر کال کرنے پر اصرار کررہا تھا۔
بچے نے فون لے کر پولیس سے کہا کہ میری ماں کو جیل میں ڈال دو اور مجھے اکیلا چھوڑ دو۔ ماں نے جلدی سے جواب دیا کہ ’میں نے اس کی آئسکریم کھائی، شاید اسی لیے اس نے آپ کو فون کرلیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یوٹیوب پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دکھایا گیا کہ جب افسران بچے کے گھر پہنچے تو اس کے جذبات بدل چکے تھے اور وہ اب نہیں چاہتا تھا کہ اس کی ماں جیل جائے۔
بچہ چاہتا تھا کہ اسے آئسکریم لاکر دی جائے، دو افسران بعد میں بچے کے گھر واپس پہنچے اور اسے کچھ آئسکریم دے کر حیران کردیا۔
بعدازاں پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے فیس بک پر تصویر شیئر کی گئی جس میں بچے کو نیلے رنگ کی آئسکریم کے کپ پکڑے افسران کے ساتھ مسکراتے دیکھا جاسکتا ہے۔